پیرس: (دنیا نیوز) فرانسیسی صدر دفتر نے اعلان کیا ہے کہ پیر کو نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر ایک کانفرنس ہوگی جس میں دس ممالک فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کر لیں گے۔
فرانسیسی صدر میکرون کے مشیر کے مطابق یہ اعلان باضابطہ طور پر کانفرنس میں کیا جائے گا، ان ملکوں میں فرانس، برطانیہ، آسٹریلیا، کینیڈا، بلجیم، لکسمبرگ، پرتگال، مالٹا، انڈورا اور سان مارینو شامل ہیں۔
فرانس نے خبردار کیا ہے کہ اسرائیل اگر مغربی کنارے کو ضم کرنے کی طرف بڑھتا ہے تو یہ ایک واضح ریڈ لائن ہوگی اور اسے بین الاقوامی قانون کی سب سے بڑی خلاف ورزی تصور کیا جائے گا، ہم اور ہمارے شراکت دار اسرائیل سے فوری اقدامات کا مطالبہ کریں گے تاکہ فلسطینی اتھارٹی کا نظام نہ ختم نہ ہو، مستقبل کی فلسطینی ریاست کی سرحدیں سال 1967 کی بنیاد پر ہوں گی۔
میکرون نے کہا کہ اسرائیل کی حالیہ فوجی کارروائیاں اس کی ساکھ اور عالمی سطح پر تصویر کو مکمل طور پر تباہ کر رہی ہیں، فلسطین کو تسلیم کرنا حماس کو الگ تھلگ کرنے کا بہترین طریقہ ہے۔
واضح رہے کہ 22 ستمبر کو اقوام متحدہ میں سعودی عرب اور فرانس مشترکہ طور پر فلسطین کے معاملے پر ایک سربراہی اجلاس کریں گے جہاں میکرون نے وعدہ کیا ہے کہ اس موقع پر وہ باضابطہ طور پر فلسطین کو تسلیم کریں گے۔