آسٹریلیا، برطانیہ اور کینیڈا نے فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرلیا

Published On 21 September,2025 06:34 pm

جنیوا: (دنیا نیوز) آسٹریلیا، برطانیہ اور کینیڈا نے باضابطہ طور پر فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرنے کا اعلان کر دیا۔

آسٹریلوی وزیراعظم انتھونی البانیز نے یہ اعلان نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اور مشرق وسطیٰ میں دو ریاستی حل سے متعلق اہم کانفرنس کے موقع پر کیا، یہ اقدام برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر اور کینیڈین وزیراعظم مارک کارنی کے ساتھ ہم آہنگی کے ساتھ سامنے آیا۔

انتھونی البانیز نے کہا کہ آسٹریلیا فلسطینی عوام کی ’اپنی ریاست کے قیام کی جائز اور دیرینہ خواہشات‘ کو تسلیم کرتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ فلسطینی اتھارٹی کو سفارتخانہ قائم کرنے اور فعال تعلقات کے لیے بین الاقوامی برادری کی شرائط پوری کرنا ہوں گی، جن میں اسرائیل کے وجود کو تسلیم کرنا، جمہوری انتخابات کرانا اور مالیات و گورننس میں اصلاحات شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: دنیا بھر کے عوام غزہ میں اسرائیلی فوج کے مظالم کے خلاف سراپا احتجاج

برطانوی میڈیا کے مطابق وزیر اعظم کیئر سٹارمر نے فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرنے کا اعلان کردیا ہے ، برطانوی وزیر اعظم نے جولائی میں اسرائیلی حکومت سے غزہ کی خوفناک صورت حال ختم کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

اسی طرح کینیڈین وزیراعظم مارک کرنی نے بھی اعلان کیا کہ ان کے ملک نے باضابطہ طور پر فلسطین کو ریاست تسلیم کر لیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ موجودہ اسرائیلی حکومت فلسطینی ریاست کے قیام کے امکانات کو روکنے کے لیے طریقہ کار سے کام کر رہی ہے جو مغربی کنارے میں آباد کاری کی توسیع کی ایک بے لگام پالیسی پر عمل پیرا ہے جو کہ بین الاقوامی قوانین کے تحت غیر قانونی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: غزہ تباہی کی بدترین سطح پر، دنیا کو اسرائیل سے ڈرنا نہیں چاہیے: اقوام متحدہ

کینیڈین وزیراعظم نے کہا کہ غزہ میں اس کے مسلسل حملے نے دسیوں ہزار شہری مارے، دس لاکھ سے زیادہ لوگ بے گھر ہوئے، اور بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزیوں کو روکنے کے قابل بنا دیا، اب یہ موجودہ اسرائیلی حکومت کی واضح پالیسی ہے کہ کوئی فلسطینی ریاست نہیں ہوگی۔

"یہ اس تناظر میں ہے کہ کینیڈا ریاست فلسطین کو تسلیم کرتا ہے اور ریاست فلسطین اور ریاست اسرائیل دونوں کے لیے پرامن مستقبل کے وعدے کی تعمیر میں اپنی شراکت کی پیشکش کرتا ہے۔

توقع کی جا رہی ہے کہ نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے ایک اہم ہفتے کے آغاز سے قبل آج اتوار کو برطانیہ اور پرتگال فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا اعلان کریں گے، جنرل اسمبلی میں متعدد ممالک ایسا ہی قدم اٹھانے جا رہے ہیں تاکہ غزہ کے معاملے پر اسرائیل پر دباؤ ڈالا جا سکے۔