برطانوی وزیراعظم کی جانب سے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا اعلان آج متوقع

Published On 21 September,2025 11:27 am

لندن: (ویب ڈیسک) برطانیہ کے وزیرِاعظم سر کیئر سٹارمر آج سہ پہر کو برطانیہ کی طرف سے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا اعلان کریں گے۔

وزیراعظم سٹارمر نے جولائی میں کہا تھا کہ اگر اسرائیل غزہ میں جنگ بندی اور دو ریاستی حل فراہم کرنے والے طویل المدتی پائیدار امن معاہدے کے لیے راضی نہیں ہوتا تو برطانیہ ستمبر میں فلسطینی ریاست کو تسلیم کر لے گا۔

یہ برطانوی خارجہ پالیسی میں ایک بڑی تبدیلی کی نمائندگی کرتا ہے، اس سے قبل برطانوی حکومتیں کا کہنا تھا کہ فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا اقدام امن عمل کے تحت اس وقت ہونا چاہئے جب اس کا زیادہ سے زیادہ اثر ہے۔

برطانیہ کے اس فیصلے کو اسرائیلی حکومت، یرغمالیوں کے خاندانوں اور بعض قدامت پسندوں کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے۔

اسرائیلی وزیر اعظم بنیامن نیتن یاہو کہہ چکے ہیں کہ اس طرح کے اقدامات کو دہشت گردی کو نوازنے کے مترادف ہے تاہم برطانوی وزرا کا کہنا ہے کہ طویل مدتی امن معاہدے کی امید زندہ رکھنے کے لیے کوششیں کرتے رہنا ان کی اخلاقی ذمہ داری ہے۔

برطانیہ کے علاوہ پرتگال، فرانس، کینیڈا اور آسٹریلیا سمیت کئی ممالک نے بھی اعلان کر رکھا ہے کہ وہ بھی اس سال فلسطینی ریاست کو تسلیم کریں گے، جبکہ سپین، آئرلینڈ اور ناروے نے گذشتہ سال یہ قدم اٹھا چکے ہیں۔