غزہ میں فوری جنگ بندی اوریرغمالیوں کی رہائی ہونی چاہیے:انتونیو گوتریس

Published On 23 September,2025 07:02 pm

نیویارک:(دنیا نیوز) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس غزہ میں فوری جنگ بندی اوریرغمالیوں کی رہائی ہونی چاہیے۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کا جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ دنیا بھر میں جاری تنازعات، انسانی حقوق کی پامالیوں اور بڑھتے ہوئے بحرانوں پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے غزہ اور یوکرین کے حالات کو عالمی امن کے لیے خطرہ قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ غزہ کے عوام پر ظلم ڈھائے جا رہے ہیں، فوری جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی ناگزیر ہے،انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ غزہ میں انسانی امداد کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔

یوکرین کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے انتونیو گتریس کا کہنا  تھا کہ یوکرین میں انسانیت کے خلاف جرائم کا سلسلہ جاری ہے، وہاں پائیدار جنگ بندی کی اشد ضرورت ہے۔

سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ جنرل اسمبلی میں تمام شریک عالمی رہنماؤں اور نمائندوں کو خوش آمدید کہا اور اقوام متحدہ کے امن قائم رکھنے میں کردار کو اُجاگر کیا، اُنہوں نے کہا اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی بات چیت اور امن کے لیے ایک خاص جگہ ہے۔

اُنہوں نے خبردار کیا کہ دنیا میں استثنیٰ کی مسلسل پالیسی کی وجہ سے امن کے ستون گر رہے ہیں اور اگر موثر کثیرالجہتی ادارے نہ رہے تو دنیا افراتفری کا شکار ہو جائے گی،عالمی برادری سے سوال  ہے کہ ہمیں انتخاب کرنا ہوگا کیا ہم افراتفری کی دنیا چاہتے ہیں یا استحکام اور امن کی دنیا؟

انتونیوگوتریس نے اس بات پر زور دیا کہ دنیا میں قیام امن ہماری اولین ترجیح ہونی چاہیے، امن ہمارا پہلا عہد ہے، لیکن جنگیں بے دردی سے پھیل رہی ہیں۔

آخر میں انہوں نے بین الاقوامی قوانین کی پاسداری اور انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے ’ٹھوس اقدامات‘ کا مطالبہ کیا اور کہا کہ ہم بین الاقوامی قانون کی اہمیت اور انسانی حقوق کی بنیادوں کے عزم کی توثیق کرتے ہیں۔