ٹرمپ نے ترکیہ کو امریکا کا اہم شراکت دار قرار دے دیا

Published On 25 September,2025 09:53 pm

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ترکیہ کو امریکا کا اہم شراکت دار قرار دے دیا۔

ترک صدر طیب اردوان امریکی صدر سے ملاقات وائٹ ہاؤس پہنچے جہاں امریکی صدر کی جانب سے پرتپال استقبال کیا گیا، ملاقات کے دوران رہنماؤں کی دوطرفہ تعلقات، دفاعی معاہدوں،غزہ اور یوکرین پربات چیت ہوئی۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ترک صدر رجب طیب اردوان کی مشترکہ پریس کانفرنس بین الاقوامی میڈیا کی توجہ کا مرکز بن گئی, اس موقع پر ٹرمپ نے واضح کیا کہ ان کی گفتگو میں ایف-16 اور ایف-35 طیاروں سے متعلق معاملات شامل ہوں گے اور وہ چاہتے ہیں کہ ترکیہ روس سے تیل کی خریداری ختم کرے۔

ٹرمپ نے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ یوکرین کے خلاف جنگ بندی کا اعلان کیا جائے، کیونکہ روس کی طرف سے جاری ہنگامہ آرائی خطے اور دنیا کے امن کے لیے سنگین خطرہ بنتی جارہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے: ترک صدر

ٹرمپ نے صدر اردوان کو انتہائی قابل احترام شخصیت قرار دیا اور کہا کہ امریکا ترکیہ کے ساتھ بڑے تجارتی معاہدوں پر دستخط کرنے کے لیے تیار ہے، ان کا کہنا تھا کہ یہ شراکت داری نہ صرف اقتصادی تعلقات کو مضبوط کرے گی بلکہ دفاعی شعبے میں بھی نئے مواقع پیدا کرے گی۔

ترک صدر اردوان نے بھی ہتھیاروں کے متعدد معاہدوں پر بات چیت کی تصدیق کی اور کہا کہ یہ شراکت داری دونوں ممالک کے مفاد میں ہے، ٹرمپ نے ایک بار پھر روس کو خبردار کیا کہ اگر یوکرین کے خلاف جنگ بند نہ کی گئی تو ترکی روسی تیل کی درآمد روکنے پر مجبور ہو جائے گا۔

پریس کانفرنس کے دوران امریکی صدر کے بیانات نے واضح کیا کہ امریکا خطے میں روس کے بڑھتے ہوئے اثرورسوخ کو روکنے کے لیے ترکی کو کلیدی شراکت دار کے طور پر دیکھ رہا ہے۔