ایک مسترد شدہ ریاست خلیجی ممالک کیلئے انتہائی خطرناک ہے: شہزادہ ترکی الفیصل

Published On 30 September,2025 03:43 am

ریاض: (ویب ڈیسک) امریکہ اور برطانیہ میں سعودی عرب کے سابق سفیر شہزادہ ترکی الفیصل نے خبردار کیا ہے کہ قطر پر حالیہ اسرائیلی حملے کے بعد سے خلیجی ریاستوں کی سلامتی کو ایک مسترد شدہ ریاست کی جانب سے خطرہ درپیش ہے۔

عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق انہوں نے گزشتہ روز ریاض کے ڈپلومیٹیک کوارٹر کے کلچرل پیلس میں ایک تقریب ڈین آف ایمبیسڈرز گالا ڈنر سے خطاب کے دوران 9ستمبر کو اسرائیل کی جانب سے دوحہ میں مذاکرات کے لئے موجود فلسطینی رہنماؤں پر کئے گئے حملے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ غزہ میں جنگ بندی اور اس کے مکمل خاتمے کے معاہدے پر بات چیت کے لئے جمع ہوئے تھے۔

شہزادہ ترکی الفیصل نے اسرائیلی حملے کو غداری قرار دیتے ہوئے خلیجی ممالک سے مطالبہ کیا کہ اس واقعہ کے بعد وہ اپنی سلامتی کے حوالے سے اپنے نقطہ نظر پر نظرثانی کریں، انہوں نے کہا کہ قطر کی خودمختاری پر حملہ اسرائیل کی جارحیت اور غداری ہے۔

انہوں نے اسرائیل کو ایک مسترد شدہ ریاست قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ بین الاقوامی سطح پر کسی قانون یا قاعدے کی پرواہ نہیں کرتا، انہوں نے کہا کہ یہ حملہ خلیج کے تمام ممالک کے لئے ایک یاد دہانی ہے کہ ان کی سلامتی کو ایک مستردشدہ ریاست کی جانب سے خطرہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ حملہ ہماری ریاستوں کو ایسے خطرات کا سامنا کرنے اور نمٹنے کے لئے اپنی تزویراتی پالیسی کی ازسر نو ترتیب دینے کا پیغام دیتا ہے، انہوں نے کہا کہ اسرائیل کو کسی صورت فری ہینڈ نہیں دیا جانا چاہئے۔