ڈونلڈ ٹرمپ نے مجوزہ غزہ جنگ بندی منصوبے کا اعلان کردیا

Published On 29 September,2025 11:50 pm

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مجوزہ غزہ جنگ بندی منصوبے کا اعلان کردیا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کہا کہ مشرق وسطی میں امن کے لیےتاریخی دن ہے، خطے میں امن اور استحکام کے لیے کام کریں گے، غزہ امن معاہدے کے بلکل قریب پہنچ چکےہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہ کہا عرب اور مسلم رہنماؤں نے اس منصوبے کی حمایت کی ہے، وزیراعظم پاکستان اور فیلڈ مارشل نے بھی امن معاہدے کی حمایت کی ہے۔

ٹرمپ نے پریس کانفرنس میں کہا کہ اسرائیلی وزیراعظم نے میرا امن معاہدہ تسلیم کرلیا ہے، ایران سے متعلق بھی نیتن یاہو کے ساتھ معاہدہ کیا گیا، امن معاہدہ تسلیم کرنے پراسرائیلی وزیراعظم کا شکرگزارہوں۔ 

انہوں نے امن کے عمل میں نیتن یاہو کے کردار کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے مل کر اچھا کام کیا ہے، اور کئی دیگر ممالک کے ساتھ بھی، اور یہی اس صورتحال کو حل کرنے کا طریقہ ہے۔

ٹرمپ نے کہا کہ ان کا ہدف صرف غزہ پٹی ہی نہیں بلکہ پورے مشرقِ وسطیٰ میں امن ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے اور نیتن یاہو نے ایران، ابراہم معاہدوں اور غزہ تنازع کے خاتمے جیسے مسائل پر بات کی ہے۔

ٹرمپ نے کہا کہ اگر حماس نے اسے قبول کر لیا تو اس تجویز میں تمام باقی ماندہ یرغمالیوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا گیا ہے، لیکن کسی صورت بھی 72 گھنٹوں سے زیادہ ( وقت نہیں لگنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کے تحت، عرب اور مسلم ممالک نے غزہ کو تیزی سے غیر مسلح کرنے، حماس اور دیگر تمام دہشت گرد تنظیموں کی فوجی صلاحیت ختم کرنے کا وعدہ کیا ہے اور ہم ان ممالک پر بھروسہ کر رہے ہیں جن کا ہم نے ذکر کیا ہے کہ وہ حماس سے نمٹیں گے اور مجھے سننے میں آیا ہے کہ حماس بھی یہ کرنا چاہتی ہے۔’

انہوں نے مزید کہا کہ معاہدے کے ایک حصے کے طور پر دہشت گردی کا بنیادی ڈھانچہ بشمول سرنگیں اور اسلحہ بنانے کی تنصیبات ختم کر دی جائیں گی اور غزہ پٹی میں مقامی پولیس فورس کو تربیت دی جائے گی۔

ٹرمپ نے کہا کہ غزہ میں نئی عبوری اتھارٹی کے ساتھ کام کرتے ہوئے، تمام فریق اسرائیلی افواج کے مرحلہ وار انخلا کے لیے ایک ٹائم لائن پر متفق ہوں گے امید ہے کہ مزید فائرنگ نہیں ہو گی۔