حماس کا امریکی صدر کے منصوبے کا جائزہ لیکر جواب دینے کا فیصلہ

Published On 30 September,2025 05:43 am

دوحہ: (دنیا نیوز) قطر اور مصر نے حماس کے ساتھ مجوزہ منصوبہ شیئر کر دیا۔

حماس نے ثالثوں کو جواب میں کہا کہ غزہ سے متعلق منصوبے کا جائزہ لے کر جواب دیں گے، انہوں نے کہا کہ غزہ پر غیر ملکی ادارے کی حکمرانی قبول نہیں، تجویز کا مثبت طرزعمل میں جائزہ لے کر جوابی حکمت عملی سے آگاہ کریں گے۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کے ہمراہ پریس کانفرنس میں غزہ جنگ بندی منصوبے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ مشرق وسطیٰ میں امن کے لئے تاریخی دن ہے، خطے میں امن اور استحکام کے لیے کام کریں گے، غزہ امن معاہدے کے بالکل قریب پہنچ چکے ہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ عرب اور مسلم رہنماؤں نے اس منصوبے کی حمایت کی ہے، وزیراعظم پاکستان اور فیلڈ مارشل نے بھی امن معاہدے کی حمایت کی ہے۔

ٹرمپ نے پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ اسرائیلی وزیراعظم نے میرا امن معاہدہ تسلیم کرلیا ہے، ایران سے متعلق بھی نیتن یاہو کے ساتھ معاہدہ کیا گیا، امن معاہدہ تسلیم کرنے پراسرائیلی وزیراعظم کا شکرگزارہوں۔

انہوں نے امن کے عمل میں نیتن یاہو کے کردار کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے مل کر اچھا کام کیا ہے اور کئی دیگر ممالک کے ساتھ بھی اور یہی اس صورتحال کو حل کرنے کا طریقہ ہے۔