برطانیہ کے ساحلی علاقے میں شرپسندوں نے مسجد کو آگ لگا دی

Published On 06 October,2025 10:56 am

لندن: (ویب ڈیسک) برطانیہ کے جنوبی ساحلی علاقے پیس ہیون میں ایک مسجد کو آگ لگا دی گئی، آتشزدگی کے وقت مسجد کے اندر دو افراد موجود تھے۔

برطانوی پولیس نے مسجد کو آگ لگانے کے واقعہ کو نفرت پر مبنی جرم قرار دیا ہے۔

امریکی ٹی وی سی این این کے مطابق برطانیہ میں اسلام مخالف حملوں میں خطرناک حد تک اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، حالیہ واقعہ مقامی وقت کے مطابق رات تقریباً دس بجے پیش آیا۔

عینی شاہدین کے مطابق دو نقاب پوش افراد نے مسجد کے مرکزی دروازے کو توڑنے کی کوشش کی اور جب اندر داخل نہ ہو سکے تو انہوں نے دروازے اور سیڑھیوں پر پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی۔

اس وقت مسجد کے عمر رسیدہ چیئرمین اور ایک نمازی عشاء کی نماز کے بعد چائے پی رہے تھے۔

چیئرمین نے بتایا کہ ہم نے ایک زور دار دھماکہ سنا، باہر نکلے تو دیکھا مسجد کا دروازہ شعلوں میں گھرا ہوا ہے، ہم فوراً باہر بھاگے اور مدد کے لیے پکارا۔

مسجد میں موجود دونوں افراد محفوظ رہے تاہم داخلی حصے کو نقصان پہنچا۔