شیری رحمان سے برطانوی رکن پارلیمنٹ لارڈ کی وفد سمیت ملاقات

Published On 30 September,2025 10:25 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان سے برطانوی رکن پارلیمنٹ لارڈ شفق محمد نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران خطے کی صورتحال ،پاک بھارت کشیدگی اور مسئلہ کشمیر پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، شیری رحمان نے اپنی گفتگو میں کہا کہ خطے میں قیامِ امن، انصاف اور حقِ خودارادیت کے لیے ہر مثبت آواز کا خیر مقدم کرتی ہوں۔

انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کے خلاف ڈٹ کر بولنے والوں کو سلام پیش کرتی ہوں،عالمی سیاست میں کشمیریوں کی وکالت کرنے والی شخصیات ہم سب کے لیے قابلِ فخر ہیں، لارڈ شفق محمد اور دیگر برطانوی اراکین پارلیمنٹ نے عالمی برادری کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی طرف مبذول کروائی۔

نائب صدر پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ بھارتی آبی جارحیت پر لارڈ شفق محمد کا پاکستانی مؤقف کو بین الاقوامی سطح پر غیر جانبدار اور مضبوط انداز میں پیش کرنا خوش آئند ہے،سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ بھارت کا پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنا تشویشناک اور غیر ذمہ دارانہ طرزِ عمل ہے، بھارت کو معاہدوں کی پاسداری کرنی ہوگی ورنہ خطے میں کشیدگی مزید بڑھے گی۔

شیری رحمان کا کہنا تھا کہ آپ کی پاکستانی دفاعی اقدامات پر حمایت اور عالمی توازن کی وکالت قابلِ ستائش ہے چیئرمین بلاول بھٹو اورپیپلز پارٹی قیادت نے ہمیشہ کشمیری عوام کے حق میں کھل کر آواز بلند کی، کشمیر پر پیپلز پارٹی کی مستقل اور اصولی پالیسی کو سراہنا خوش آئند ہے۔

نائب صدر پیپلزپارٹی نے کہا کہ بھارت کا رویہ روز بروز غیر ذمہ دارانہ اور متعصبانہ ہوتا جا رہا ہے،مودی سرکار نے کھیل جیسے غیر جانبدار میدان کو بھی سیاست کی بھینٹ چڑھا دیا، کھیل کو نفرت، تعصب اور سیاسی ایجنڈے سے آلودہ کرنا انتہائی شرمناک ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ کرکٹ کی آڑ میں عالمی برادری کو گمراہ کرنا ممکن نہیں رہا ، دنیا حقیقت سے آگاہ کہ معرکہ حق میں کس طرح شاہینوں نے دشمن کو ناکوں چنے چبوائے،بھارتی مظالم اور کالے قوانین کو بے نقاب کرنے کی عالمی کوششیں ایک تاریخ رقم کر رہی ہیں۔

 ملاقات کے آخر میں سینیٹر شیری رحمان نے لارڈ شفق اور پورے وفد کا مسلہ کشمیر اور سندھ طاس معاہدہ بھرپور انداز میں اٹھانے پر شکریہ ادا کیا،اس موقع پر ملاقات کرنے والے وفد میں بیرسٹر تنویر،محبوب حسین،سعد علی ،عائشہ شفق،مس عرینہ اور محمد عمران شامل تھے۔