کراچی:(دنیا نیوز)کیمبرج ایگزامینیشن بورڈ نے پاکستانی طلبہ کے لیے پہلی بار ان کی آنسر سکرپٹ (جوابی کاپی)دکھانے کا سلسلہ شروع کردیا۔
اے اور او لیول کے طلبہ آنسر اسکرپٹ آن لائن دیکھ سکیں گے اور اس کے جائزے کے بعد سکروٹنی کا فیصلہ کرسکیں گے جبکہ آنسر سکرپٹ دکھانے کا عمل مکمل طور پر مفت ہوگا۔
یہ بات کیمبرج ایگزامینیشن بورڈ کی کنٹری منیجر پاکستان عظمی یوسف نے اپنے دورہ کراچی کے موقع پر مقامی ہوٹل میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت میں بتائی، اس موقع پر ان کے ہمراہ کیمبرج کے مارکیٹنگ کمیونیکیشن منیجر ارسلان ربانی بھی موجود تھے۔
واضح رہے کہ سندھ سمیت ملک کے تمام صوبوں اور آزاد جموں کشمیر کے تعلیمی بورڈز کے قوانین طلبہ کو اس بات کی اجازت نہیں دیتے کہ وہ میٹرک یا انٹر کی سطح پر اپنی آنسر شیٹس دیکھ سکیں۔