کراچی:(دنیا نیوز)سندھ میں 25 پرائمری سکولوں کو سیکنڈری سکولوں میں اَپ گریڈ کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے زیر صدارت اجلاس ہوا، جس میں صوبائی وزیرتعلیم سردار علی شاہ نے سکولوں کی تعمیر اور اپ گریڈیشن بارے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ جاپان کی گرانٹ سے سندھ کے سیلاب متاثر 5 اضلاع میں 20 سکولوں کی تعمیرنو جاری ہے۔
اپنی بریفنگ میں سید سردار علی شاہ کا کہنا تھا کہ11 سکولوں کا 80 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے اور 9 سکولوں کی تعمیر 47 فیصد مکمل ہے، ’ارلی لرننگ انہیسمنٹ پروجیکٹ‘ میں 295 پرائمری سکولوں کو ایلیمنٹری سکولوں کی سطح تک اپ گریڈ کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دیگر 270 پرائمری سکولوں کو ایلیمنٹری سکولوں میں اپ گریڈ کرنا ہے، اجلاس میں 25 پرائمری سکولوں کو سیکنڈری سکولوں میں اپ گریڈ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
وزیر تعلیم سندھ کا کہنا تھا کہ 15 اضلاع میں سکولوں کی اَپ گریڈیشن کا منصوبہ ہے،12 اضلاع میں 286 سکولوں کی تعمیر جاری ہے۔
وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ہدایت کی کہ میرپورخاص ڈویژن میں 15 سکولوں کو دسمبر تک اپ گریڈ کیا جائے جب کہ اپریل 2026ء تک 200 سکولوں کو مکمل کریں۔