انٹرمیڈیٹ پارٹ ٹو کے امتحانات کے نتائج کا اعلان، پنجاب کالجز پھر سرفہرست

Published On 18 September,2025 11:02 am

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب بھر کے تعلیمی بورڈز نے انٹرمیڈیٹ پارٹ 2 کے سالانہ امتحانات 2025ء کے نتائج کا اعلان کر دیا، پنجاب گروپ آف کالجز نے ایک بار پھر میدان مار لیا۔

لاہور

بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن لاہور نے انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات 2025 کے نتائج کا اعلان کر دیا ہے، جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں سال کامیابی کا تناسب 60 اعشاریہ 86 فیصد رہا جبکہ گزشتہ سال 60 اعشاریہ 45 فیصد تھا۔

امتحانات میں مجموعی طور پر 1 لاکھ 80 ہزار 329 طلبہ نے شرکت کی، جن میں سے 1 لاکھ 9 ہزار 741 امیدوار کامیاب قرار پائے، لاہور بورڈ میں 70 فیصد لڑکیاں پاس ہوئیں، جبکہ لڑکوں کی کامیابی کا تناسب 48 فیصد رہا۔

ملتان

بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ملتان نے انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات 2025 کے نتائج کا اعلان کر دیا ہے۔

رواں سال بھی طلبا و طالبات نے بھرپور محنت اور لگن کا مظاہرہ کرتے ہوئے بہترین نتائج حاصل کئے، پنجاب گروپ آف کالجز نے ایک مرتبہ پھر تعلیمی میدان میں اپنی برتری ثابت کر دی اور کل 14 پوزیشنز حاصل کر کے میدان مار لیا۔

پنجاب کالج کے اساتذہ، طلبہ اور والدین نے شاندار کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا، جبکہ بورڈ حکام کی جانب سے نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ کو خصوصی مبارکباد دی گئی ہے۔

گوجرانوالہ

بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن گوجرانوالہ نے انٹرمیڈیٹ پارٹ ٹو فرسٹ اینول امتحان 2025 کے نتائج کا اعلان کر دیا ہے، چیئرمین بورڈ نوید حیدر شیرازی کے مطابق رواں سال امتحان میں 1 لاکھ 35 ہزار 810 طلبا و طالبات نے شرکت کی، جن میں سے 85 ہزار 702 امیدوار کامیاب قرار پائے، کامیابی کا تناسب 63.10 فیصد رہا۔

نتائج کے اعلان کے ساتھ ہی پنجاب گروپ آف کالجز نے ایک بار پھر اپنی برتری قائم رکھتے ہوئے تعلیمی میدان میں نمایاں کارکردگی دکھائی، بورڈ کی کل 33 پوزیشنز میں سے 22 پوزیشنز پنجاب کالج کے طلبہ کے حصے میں آئیں۔

پنجاب کالج کے سبحان اقبال نے 1157 نمبر حاصل کر کے گوجرانوالہ بورڈ میں مجموعی طور پر دوسری پوزیشن حاصل کی، جبکہ اسی ادارے کے زاویار احمد نے 1156 نمبر کے ساتھ تیسری پوزیشن اپنے نام کی۔

فیصل آباد

بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد کے انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحان 2025ء کے نتائج میں کامیابی کا تناسب 73.71 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔

فیصل آباد بورڈ کے مطابق 1 لاکھ 4 ہزار 9 امیدواروں نے امتحانات میں شرکت کی، جن میں سے 76 ہزار 661 امیدوار کامیاب قرار پائے۔

بہاولپور

بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن بہاولپور نے بھی انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات 2025 کے نتائج کا اعلان کر دیا ہے۔

بورڈ کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں سال 55 ہزار 727 طلبا و طالبات نے امتحانات میں شرکت کی، جن میں سے 35 ہزار 404 امیدوار کامیاب قرار پائے، کامیابی کا مجموعی تناسب 63.53 فیصد رہا۔

پنجاب گروپ آف کالجز نے ایک بار پھر تعلیمی میدان میں سبقت لیتے ہوئے بہاولپور بورڈ کی 7 پوزیشنز حاصل کر لیں، جو ادارے کی تعلیمی کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

بورڈ حکام نے تمام کامیاب امیدواروں کو مبارکباد دی اور کہا کہ یہ کامیابی طلبہ، اساتذہ اور والدین کی مشترکہ محنت کا نتیجہ ہے، نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ کو جلد بورڈ کی جانب سے تعریفی اسناد اور انعامات بھی دیئے جائیں گے۔