غزہ جنگ بندی کے مقاصد حاصل نہ ہوئے تو اسرائیل پر پابندی لگا سکتے ہیں: یورپی یونین

Published On 21 October,2025 09:12 am

برسلز: (دنیا نیوز) یورپی یونین نے اسرائیل کو خبردار کیا ہے کہ اگرچہ غزہ میں جنگ بندی کا معاہدہ نافذ ہو چکا لیکن ان کے خلاف پابندیوں کا خطرہ ابھی ٹلا نہیں ہے۔

یورپی یونین کی خارجہ پالیسی سربراہ کایا کالس نے وزرائے خارجہ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل پر پابندیوں کا امکان اب بھی برقرار ہے اور اس وقت تک رہے گا جب تک غزہ کے زمینی حقائق میں قطعی اور مستقل بہتری ثابت نہ ہو جائے۔

یورپی یونین کی خارجہ پالیسی سربراہ نے کہا ہے کہ جنگ بندی نے صورتحال ضرور بدلی ہے تاہم اگر غزہ میں امداد کی فراہمی اور سنگین صورت حال میں بہتری نہ آئی تو اسرائیل پر پابندیاں لگ سکتی ہیں۔

انہوں نے اسرائیل پر واضح کیا کہ جنگ بندی کے حقیقی مقاصد کو حاصل کرنے کے لیے غزہ میں انسانی امداد میں اضافہ، فلسطینی ریونیو کی واپسی، صحافیوں کو رپورٹنگ کی اجازت، این جی اوز کی رجسٹریشن اور کام کی آزادی جیسے اقدامات کو یقینی بنانا ضروری ہے۔

یاد رہے کہ جنگ بندی سے پہلے یورپی یونین نے اسرائیل کے چند وزراء کو بلیک لسٹ میں شامل کرنے، تجارتی تعلقات میں کٹوتی اور مالی پابندیوں کی تجاویز پیش کی تھیں تاہم امریکی ثالثی میں ہونے والی جنگ بندی کے باعث ان پر عمل فی الحال روک دیا۔