واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ متعدد ملک غزہ کے لیے بین الاقوامی فورس میں حصہ لینے کو تیار ہیں۔
امریکی وزیر خارجہ نے مغربی کنارے کے انضمام سے متعلق اسرائیلی پارلیمنٹ کے اقدام کو غزہ معاہدے کے لیے خطرناک قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ امریکا کی درخواست پر برطانوی فوجیوں کو غزہ امن منصوبے کی نگرانی کےلیے اسرائیل میں تعینات کردیا گیا۔
برطانوی میڈیا کے مطابق برطانوی فوج کے ایک سینئر کمانڈر اور محدود تعداد میں فوجیوں کو امریکا کی درخواست پر غزہ امن منصوبے کی نگرانی کےلیے اسرائیل بھیجا گیا ہے۔
اس سے قبل امریکی سینٹ کام کے سربراہ ایڈمرل بریڈ کوپر نے کہا تھا کہ غزہ امن منصوبے کی نگرانی کے لیے روانہ ہونے والے 200 فوجیوں میں امریکی فوجی شامل نہیں ہوں گے۔
واضح رہے کہ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو امن معاہدے کو مستحکم کرنے کے لیے اسرائیل کا دورہ کرنے جا رہے ہیں، وہ اسرائیل کی دائیں بازو کی قیادت کے حامی رہے ہیں۔



