دی ہیگ: (ویب ڈیسک) اقوام متحدہ کے اعلیٰ ترین قانونی ادارے، بین الاقوامی عدالتِ انصاف (آئی سی جے)، نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ اسرائیل پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ غزہ کے شہریوں کی بنیادی ضروریات پوری کرے۔
عالمی خبر رساں اداروں ’رائٹرز اور اے ایف پی‘ کے مطابق گیارہ ججوں پر مشتمل بینچ نے اپنے فیصلے میں مزید کہا کہ اسرائیل پر لازم ہے کہ وہ اقوام متحدہ اور اس کے اداروں، بشمول قریب مشرق میں فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی (یو این آر ڈبلیو اے)، کی جانب سے غزہ کی پٹی میں فراہم کی جانے والی امدادی کوششوں کی حمایت کرے۔
ججوں نے کہا کہ اسرائیل اپنے اس دعوے کو ثابت نہیں کر سکا کہ یو این آر ڈبلیو اے کے ایک بڑی تعداد میں ملازمین کا تعلق حماس سے ہے، اسرائیل پر لازم ہے کہ وہ غزہ میں امداد کی ترسیل میں آسانی پیدا کرے اور فلسطینیوں کو بقا کے لیے ضروری بنیادی ضروریات فراہم کرے۔
یہ بھی پڑھیں: برطانوی فوجی غزہ امن منصوبے کی نگرانی کیلئے تعینات
عالمی عدالت انصاف کا یہ وسیع فیصلہ ایسے وقت میں آیا ہے جب امدادی ادارے اس ماہ کے آغاز میں ہونے والی ایک نازک جنگ بندی کے بعد غزہ میں انتہائی ضروری انسانی امداد کو بڑھانے کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔
عالمی عدالت انصاف کی مشاورتی رائے قانونی طور پر پابند نہیں کرتی، لیکن عدالت کا کہنا ہے کہ اس کی بڑی قانونی اہمیت اور اخلاقی اتھارٹی ہے، اسرائیل نے عدالتی کارروائی میں حصہ نہیں لیا، لیکن ایک اسرائیلی اہلکار نے سماعت سے قبل صحافیوں کو بتایا کہ یہ بین الاقوامی قانون کا غلط استعمال ہے۔
اہلکار نے مزید کہا کہ اسرائیل بین الاقوامی تنظیموں اور اقوام متحدہ کے دیگر اداروں کے ساتھ غزہ کے حوالے سے تعاون کرتا ہے، لیکن اسرائیل یو این آر ڈبلیو اے کے ساتھ تعاون نہیں کرے گا۔
یہ بھی پڑھیں: غزہ میں انسانی امداد کی اشد ضرورت، فرانس کا اسرائیل سے راہداری کھولنے کا مطالبہ
عالمی عدالت انصاف کے صدر یوجی ایواساوا نے کہا کہ عدالت اس دلیل کو مسترد کرتی ہے کہ یہ درخواست بین الاقوامی عدالتی عمل کا غلط استعمال اور اسے ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کی کوشش ہے۔
عالمی عدالت انصاف کے فیصلے سے ایک روز قبل، اقوام متحدہ کے عالمی ادارۂ خوراک (ڈبلیو ایف پی) کی مشرق وسطیٰ کی ترجمان عبیر عطفہ نے کہا تھا کہ جنگ بندی کے بعد سے تنظیم کے 530 ٹرک غزہ میں داخل ہو چکے ہیں، ان ٹرکوں نے 6,700 ٹن سے زیادہ خوراک پہنچائی، جو ان کے مطابق تقریباً 5 لاکھ افراد کے لیے دو ہفتوں کی خوراک کے لیے کافی ہے۔



