غزہ میں انسانی امداد کی اشد ضرورت، فرانس کی اسرائیل سے راہداری کھولنے کا مطالبہ

Published On 21 October,2025 09:01 pm

پیرس: (ویب ڈیسک) فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون نے غزہ کے لیے فوری طور پر راہداری کھولنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس وقت فوری انسانی امداد کی اشد ضرورت ہے اور یہ لاکھوں زندگیوں کا سوال ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق فرانسیسی صدر نے اسرائیل سے یہ مطالبہ سلووینیا کے وزیر اعظم کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں کیا جہاں وہ آج کل سرکاری دورے پر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ راہداری کا کھلنا اب ناگزیر ہوچکا، سرحد پر خوراک کا ڈھیر غزہ میں داخلے کی اجازت کے منتظر ہیں، بچے بھوک سے مر رہے ہیں لیکن خوراک کو داخلے کی اجازت نہں دی جا رہی ہے۔

فرانسیسی صدر نے مزید کہا کہ غزہ جنگ بندی کے بعد بھی وہاں صورتحال اب بھی نہایت نازک ہے، ہم اپنے یورپی، عرب اور امریکی شراکت داروں کے ساتھ مل کر اس بات پر زور دیتے ہیں کہ انسانی امداد، خوراک اور بنیادی ضروریات کی فراہمی کے لیے راستے فوری طور پر دوبارہ کھولے جائیں۔

انھوں نے کہا کہ فرانس فلسطینیوں تک امداد پہنچانے کے لیے ہر ممکن سفارتی اور عملی کوششوں میں شریک رہے گا کیونکہ وہاں کی آبادی جنگ، بھوک اور محاصرے کے باعث شدید مشکلات کا شکار ہے۔

یاد رہے کہ اقوامِ متحدہ اور دیگر اعالمی مدادی تنظیمیں خبردار کرچکی ہیں کہ غزہ میں امدادی سامان ختم ہونے کے قریب ہے اور مستقل جنگ بندی کے بغیر شہریوں کی زندگیاں خطرے میں ہیں۔