تل ابیب: (دنیا نیوز) امریکی عہدیداران کی غزہ مذاکرات کیلئے اسرائیل آمد، ثالث ممالک کی کوششوں سے غزہ جنگ بندی ایک بار پھر مؤثر ہو گئی۔
مصر، ترکیہ، قطر اور امریکا نے جنگ بندی کی بحالی کیلئے کردار ادا کیا، فلسطینی حکام اور اسرائیلی فوج نے بھی جنگ بندی بحال ہونے کی تصدیق کی ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق گزشتہ روز اسرائیل نے غزہ میں متعدد مقامات پر وحشیانہ بمباری کی ، 24 گھنٹوں میں اسرائیل نے 13 فلسطینیوں کو شہید کر دیا۔
غزہ کی پٹی کے مختلف ہسپتالوں میں 57 فلسطینیوں کی لاشیں لائی گئیں، مغربی کنارے میں اسرائیلی فورسز نے پناہ گزین کیمپ پر چھاپہ مار کر 4 افراد گرفتار کر لیے۔
عرب میڈیا کے مطابق شہدا کی تعداد 68 ہزار 229 ہوگئی، 1 لاکھ 70 ہزار 369 فلسطینی زخمی ہوئے، غزہ میں لاشوں کے انبار لگ گئے، ہسپتالوں میں گنجائش ختم، امداد تاحال بند ہے۔