غزہ: حماس کے اسرائیلی فوج پر حملے میں 2 اہلکار ہلاک، 3 زخمی

Published On 21 October,2025 09:17 am

رفح: (ویب ڈیسک) غزہ کے شہر رفح میں حماس اور اسرائیلی فوج کے دوران جھڑپ کا واقعہ پیش آیا جس کے لیے دونوں نے ایک دوسرے کو جنگ بندی کی خلاف ورزی کا ذمہ دار ٹھہرایا اور اس جھڑپ میں اسرائیلی فوج کے 2 اہلکار ہلاک اور 3 زخمی ہو گئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فوج نے جن 2 اہلکاروں کی ہلاکت کی تصدیق کی ان کی شناخت کمانڈگ آفیسر 26 سالہ میجر یانیو کولو اور سٹاف سارجنٹ 21 سالہ اِتائے یاویٹس کے نام سے ہوئی ہے۔

مارے گئے دونوں فوجیوں کا تعلق نہال بریگیڈ کی 932 ویں بٹالین سے تھا، حماس نے یہ حملہ رفح کے جنوب مشرقی علاقے میں اس وقت کیا جب اسرائیلی فوج حماس کی سرنگوں اور انفراسٹرکچر کے ملبے کو اُٹھا رہی تھی۔

اس دوران حماس کے جنگجو ایک سرنگ سے اچانک نمودار ہوئے اور راکٹ حملے سے ایک ایکسکیویٹر کو نشانہ بنایا، اس حملے میں دو اہلکار موقع پر ہلاک ہو گئے جبکہ سنائپر کی فائرنگ میں مزید 3 اسرائیلی فوجی زخمی ہوگئے۔

زخمی ہونے والے اسرائیلی فوجیوں میں سے ایک کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

اسرائیل نے اس واقعہ کو غزہ جنگ بندی کی واضح خلاف ورزی قرار دیا جبکہ حماس کا کہنا ہے کہ یہ علاقہ اسرائیلی کنٹرول میں تھا اور وہاں ان کے جنگجو متحرک نہیں تھے۔

ادھر حماس نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے مزید ایک اسرائیلی یرغمالی کی لاش دریافت کی ہے اور مناسب وقت پر اسے حوالے کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

یاد رہے کہ اب بھی 16 اسرائیلی یرغمالیوں کی لاشیں غزہ میں کسی نہ کسی ملبے کے ڈھیر میں دبی ہیں جن کی برآمدگی کے لیے آپریشن جاری ہے۔