واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ اتحادیوں نے کہا ہے حماس نے خلاف ورزی کی تو کارروائی کی جائے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر بیان میں کہا کہ اتحادیوں اور اسرائیل سے کہا ہے ابھی غزہ میں کچھ نہ کریں، امید ہے حماس درست فیصلہ کرے گی، حماس نے درست فیصلہ نہ کیا تو اس کا خاتمہ تیز اور بے رحمانہ ہوگا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ میں نے مشرق وسطیٰ میں اپنے اتحادیوں سے درخواست کی تو وہ غزہ میں ایک بڑی فوجی قوت کے ساتھ داخل ہو کر حماس کو سبق سکھا دیں گے، صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ مشرق وسطیٰ کے لئے جو محبت اور جذبہ آج نظر آرہا ہے وہ ہزار سال سے نہیں دیکھا گیا، یہ ایک نہایت خوبصورت منظر ہے۔
امریکی صدر کے بقول میں نے اسرائیل سمیت ان اتحادی ممالک کو اطمینان دلایا کہ حماس کے خلاف کسی کارروائی کی ابھی ضرورت نہیں کیونکہ اب بھی امید باقی ہے کہ حماس درست راستہ اختیار کرے گی، تاہم صدر ٹرمپ نے یہ دھمکی بھی دی کہ اگر حماس نے اپنا برا رویہ تبدیل نہیں کیا تو اس کا خاتمہ تیز تر، شدید اور بے رحمانہ ہوگا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے مشرق وسطیٰ کے اتحادی ممالک کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں ان تمام ممالک کا شکر گزار ہوں جنہوں نے مدد کے لیے فون کیا، امریکی صدر نے خاص طور پر انڈونیشیا کا شکریہ ادا کیا جس نے بڑی تعداد میں اپنی فوج دینے کا اعلان کیا ہے۔