واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ چین فینٹانیل کی سمگلنگ کیلئے وینزویلا کو استعمال کر رہا ہے، وینزویلا کے خلاف جلد زمینی کارروائی کریں گے۔
وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ مغربی کنارے کے بارے میں کسی کو فکر کرنے کی ضرورت نہیں، اسرائیل کچھ نہیں کرے گا، امن معاہدے سے متعلق اسرائیل بہت اچھا کام کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مختلف وجوہات کی بنیاد پر وینزویلا سے خوش نہیں ہوں، وینزویلا کے خلاف جلد زمینی کارروائی کریں گے، وینزویلا کے قریب بی ون بمبار طیاروں کی پروازوں کی اطلاع غلط ہے، چین فینٹانیل کی سمگلنگ کیلئے وینزویلا کو استعمال کر رہا ہے۔
ٹرمپ نے کہا کہ میرا خیال ہے چینی صدر کے ساتھ ملاقات کے نتائج مثبت ہوں گے، چینی صدر شی سے پہلا سوال فینٹانیل کے بارے میں ہوگا، چینی صدر سے سوال کرتا ہوں کیا فینٹانیل تیل ہے؟ وینزویلا کے قریب بی -1 بمبار طیاروں کی رپورٹس درست نہیں ہیں، آپ وینزویلا میں زمینی آپریشن جلد شروع ہوتا دیکھیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ امریکہ میں آدھے سے زیادہ قتل غیر قانونی تارکین وطن نے کیے، بائیڈن کیوں چاہتے تھے کہ غیر قانونی تارکین وطن امریکہ آئیں؟ امریکہ میں 25 ملین غیر قانونی تارکین وطن کو کیوں آنے دیا گیا؟ افغانستان میں گرفتار زیادہ تر دہشت گردوں کو ان کے ملکوں کے حوالے کیا گیا۔



