ابوجا: (دنیا نیوز) نائیجیریا کے صدر کا کہنا ہے کہ امریکا کی دہشت گردی کے خلاف حمایت کو سراہتے ہیں۔
نائیجیریا کے صدر کا کہنا ہے کہ امریکا کو چاہئے کہ نائیجیریا کی خودمختاری کا احترام کرے، نائیجیریا میں مذہب کی بنیاد پر تشدد کی اجازت نہیں دی جاسکتی، نائیجیریا میں تمام شہریوں کو آزادی سے زندگی گزارنے کے لئے آئینی تحفظ حاصل ہے۔
نائجیریا کے صدر بولا احمد تینوبو کا ٹرمپ کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہنا تھا کہ نائجیریا مذہبی عدم برداشت کا ملک نہیں ہے، انہوں نے مزید کہا کہ نائجیریا حکومت اپنے شہریوں کے مذہبی حقوق کے تحفظ کیلئے آئینی طور پر پُرعزم ہے اور اس ملک میں مذہبی تنوع کا احترام کیا جاتا ہے۔
نائجیریا کی وزارتِ خارجہ کا بھی کہنا ہے کہ ملک دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف اپنی جنگ جاری رکھے گا اور امید ظاہر کی کہ امریکا نائجیریا کے ساتھ اپنے تعلقات کو برقرار رکھے گا۔
واضح رہے کہ مغربی افریقہ میں امریکی فوجی موجودگی گزشتہ سال کم ہوئی تھی جب ایک ہزار امریکی فوجی نائجر سے واپس بلائے گئے تھے، اس وقت افریقہ میں امریکا کا سب سے بڑا فوجی اڈا جبوتی میں ہے، جہاں پانچ ہزار سے زائد امریکی فوجی تعینات ہیں۔



