ٹرمپ فیلڈ مارشل کی صلاحیتوں کے معترف، سید عاصم منیر کو بہترین فائٹر قرار دیدیا

Published On 30 October,2025 01:14 am

سیئول: (دنیا نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ فیلڈ مارشل کی صلاحیتوں کے معترف ہوگئے، سید عاصم منیر کو بہترین فائٹر قرار دے دیا۔

امریکی صدر نے جنوبی کوریا میں اپیک سمٹ میں کاروباری افراد سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کے فیلڈ مارشل بہترین فائٹر اور شہباز شریف عظیم انسان ہیں، پاک بھارت جنگ کا پھر تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ پاک بھارت جنگ میں 7 نئے اور خوبصورت طیارے تباہ ہوئے۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ پاکستان اور بھارت جوہری طاقتیں ہیں، نریندر مودی، پاکستانی وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سے رابطہ کیا، میں نے کہا 2 ایٹمی طاقتوں میں جنگ کی صورت میں اثرات ہر طرف پھیلتے ہیں، دونوں ملکوں سے کہا جنگ کی تو تجارت نہیں کریں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ میں نے دونوں ملکوں پر واضح کیا تھا کہ 250 فیصد ٹیرف لگاؤں گا، تجارت نہیں کر پاؤ گے، پاکستان اور بھارت نے کہا ہم جنگ روک رہے ہیں، دونوں ملکوں نے جنگ روک دی، لاکھوں جانیں بچائیں، 24 گھنٹے کے اندر یہ معاملہ ختم ہوگیا جو حیران کن تھا۔

امریکی صدر نے کہا میں نے 8 ماہ میں آٹھ جنگیں رکوائیں، ملائیشیا میں بھی دو ملکوں کے درمیان جنگ بندی معاہدہ کرایا، امریکا کو کاروبار کے لیے دنیا کا سب سے عظیم ملک بنا رہے ہیں۔