مودی کے زخم پھر تازہ، صدر ٹرمپ کا جاپان میں دوسری بار پاک بھارت جنگ کا تذکرہ

Published On 29 October,2025 01:18 am

ٹوکیو: (دنیا نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جاپان میں دوسری بار پاک بھارت جنگ کا تذکرہ کر دیا۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ بھارت اور پاکستان آپس میں الجھ گئے تھے، بھارت کے 7 نئے اور خوبصورت طیارے تباہ ہوئے، نریندر مودی، پاکستانی وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سے رابطہ کیا، میں نے کہا 2 ایٹمی طاقتوں میں جنگ ہوئی تو سب متاثر ہوں گے، دونوں ملکوں سے کہا جنگ کی تو تجارت نہیں کریں گے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہاکہ 24 گھنٹے کے اندر یہ معاملہ ختم ہوگیا جو حیران کن تھا، میں نے 8 ماہ میں آٹھ جنگیں رکوائیں، ملائیشیا میں بھی دو ملکوں کے درمیان جنگ بندی معاہدہ کرایا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جاپان میں امریکی فوجی اڈے کا دورہ کیا، جاپان کیلئے امریکی میزائلوں کی پہلی کھیپ کی منظوری دیدی، فوجیوں سے خطاب میں کہا امریکا اور جاپان کے تعلقات علاقائی امن و سلامتی کیلئے اہم ہیں، امریکی میزائل جاپان کے ایف 35 جنگی طیاروں میں استعمال ہوں گے، ہمارے اقتدار میں امریکا ایک بار پھر عظیم بن رہا ہے۔

امریکی صدر اور جاپانی وزیراعظم نے نایاب اور اہم معدنیات کی فراہمی کے معاہدے پر دستخط کئے، جاپان کی پہلی خاتون وزیراعظم بھی ٹرمپ کی امن کوششوں کی معترف ہوگئیں۔