اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزارت اطلاعات و نشریات پاکستان نے ایک بار پھر بھارتی میڈیا کے خطے میں عدم استحکام پھیلانے کے مذموم ہتھکنڈوں کو بے نقاب کر دیا۔
وفاقی وزارتِ اطلاعات نے واضح کیا ہے کہ بھارتی میڈیا جھوٹ، افواہوں اور گمراہ کن اطلاعات کے ذریعے خطے میں نفرت اور انتشار پھیلانے کی کوشش کر رہا ہے، بھارتی گودی میڈیا، خصوصاً این ڈی ٹی وی اور ریپبلک نیوز انڈیا حالیہ دنوں میں فتنہ الخوارج کی حمایت میں کھل کر سامنے آ گئے ہیں۔
بھارتی چینل این ڈی ٹی وی نے جھوٹا دعویٰ کیا کہ 8 اکتوبر کو کرم میں فتنہ الخوارج نے گھات لگا کر پاک فوج کے 22 جوان شہید کیے۔
تاہم آئی ایس پی آر نے اس خبر کی تردید کرتے ہوئے تصدیق کی کہ 7 اور 8 اکتوبر کو کارروائی ضلع اورکزئی میں کی گئی تھی کرم میں نہیں اور یہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن تھا جس میں 11 فوجی شہید ہوئے جبکہ 19 خوارج کو جہنم واصل کیا گیا۔
وزارتِ اطلاعات کے مطابق اسی طرح ریپبلک نیوز انڈیا نے بھی جھوٹا دعویٰ کیا کہ فتنہ الخوارج نے 24 گھنٹوں میں پاک فوج پر 16 حملے کیے، یہ خبر بھی بے بنیاد اور من گھڑت ہے کیونکہ انٹیلی جنس آپریشنز کے نتیجے میں صرف 5 خوارج کو ہلاک کیا گیا تھا۔
ترجمان نے کہا ہے کہ بھارتی میڈیا مودی سرکار کی ایماء پر جھوٹ اور پراپیگنڈے کی فیکٹری بن چکا ہے جو پاکستان مخالف بیانیہ پھیلا کر دہشت گردوں کو تقویت دینے کی کوشش کر رہا ہے۔
وزارتِ اطلاعات نے خبردار کیا کہ بھارتی میڈیا کی گمراہ کن رپورٹنگ اور جھوٹے دعوے خطے کی سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔
پاکستانی حکومت نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ بھارتی میڈیا کے ان انتشار انگیز اور غیر ذمہ دارانہ رویوں کا نوٹس لے جو علاقائی امن و استحکام کے خلاف سازش کے مترادف ہیں۔



