واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ نائیجیریا میں امریکی زمینی فوج یا فضائی حملے ممکن ہیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے طیارے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نائیجیریامیں مسیحیوں کو بڑے پیمانے پر ہلاک کیا جارہا ہے، امریکا یوکرین کو ٹوماہاک میزائل دینے پر فی الحال غور نہیں کررہا، حماس کی جانب سےآج3 یرغمالیوں کی لاشیں واپس کرنے پرخوشی ہوئی۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ شام پر عائد پابندیاں ہٹائیں تاکہ انہیں اپنی بقا کا موقع ملے، پہلے ہمارے پاس ٹیرف تھا نہ قومی سلامتی، دنیا ہم پر ہنستی تھی، دنیا برسوں سے ہمارے خلاف ٹیرف لگا رہی تھی، کئی ممالک خاص طور پر چین کی جانب سے استحصال کا شکار رہے، اب ایسا نہیں، ٹیرف نے ہمیں زبردست قومی سلامتی دی ہے۔
امریکی صدر نے ایک بار پھرجنگیں رکوانے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ میں نے دنیا بھر میں 8 جنگیں رکوائیں۔
واضح رہے کہ امریکی صدر نے اس سے پہلے بھی اپنے بیان میں نائیجیریا کیخلاف فوجی کارروائی شروع کرنے کی دھمکی دی تھی، انہوں نے کہا تھا کہ محکمہ جنگ کو نائیجیریا میں قتل وغارت روکنے کیلئے تیار رہنے کا کہا ہے، امریکا طاقت کے زور پر اس ملک میں دہشت گردوں کو ختم کر سکتا ہے۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ اگر نائیجیریا کی حکومت مذہبی قتل وغارت روکنے میں ناکام رہی تو امریکہ امداد بند کر دے گا، مذہبی آزادی اور شہری حفاظت کے بغیر بین الاقوامی مدد برقرار نہیں رکھی جائے گی۔

			
			
			
			
			
			
			
			
  
          
		  
         
		  
         
		  
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
