نیویارک میئر الیکشن، بروکلین میں ووٹروں کی بڑی تعداد باہر نکل آئی

Published On 05 November,2025 02:19 am

نیویارک: (دنیا نیوز) نیویارک میئر کے الیکشن میں حصہ لینے کیلئے شہر کے سب سے زیادہ آبادی والے علاقے بروکلین میں ووٹروں کی بڑی تعداد باہر نکل آئی۔

نیویارک میں نئے میئر کے انتخاب کیلئے سیاسی سرگرمیاں عروج پر پہنچ چکی ہیں، اب تک میئر کے انتخاب میں 10 لاکھ سے زائد ووٹرز نے اپنا حقِ رائے دہی استعمال کر لیا ہے، شہر کے سب سے زیادہ آبادی والے علاقے بروکلین میں اب تک 3 لاکھ 95 ہزار سے زائد شہری اپنا ووٹ کاسٹ کر چکے ہیں۔

نیویارک کے مختلف حصوں میں شہری بڑی تعداد میں پولنگ سٹیشنز کا رخ کر رہی ہیں، نیویارک میئر الیکشن کے امیدواران ظہران ممدانی اور اینڈریو کومو نے بھی اپنے ووٹ کاسٹ کیے، ظہران ممدانی نے اپنا ووٹ کاسٹ کرتے ہوئے امریکی شہریوں سے اپیل کی کہ نیویارک کے عوام میئر کے الیکشن میں ووٹ ضرور ڈالیں، ووٹ دینا ہر شہری کی ذمہ داری ہے۔

دوسری جانب ظہران ممدانی کے حریف اینڈریو کومو نے بھی اپنا ووٹ کاسٹ کیا، اینڈریو کومو کا کہنا تھا کہ نیویارک میئر کا الیکشن میری زندگی کا سب سے اہم انتخاب ہے، نیویارک کا مستقبل اس الیکشن سے وابستہ ہے۔