نیویارک: (دنیا نیوز) نیویارک میئر کے الیکشن میں نئی تاریخ رقم ہوئی ہے جہاں 2001ء کے بعد سب سے زیادہ ووٹر ٹرن آؤٹ دیکھنے میں آیا ہے۔
پولنگ سٹیشنز پر شہریوں کی بڑی تعداد موجود رہی، اب تک 14 لاکھ ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کرچکے، نیویارک شہرمیں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد تقریباً 46 لاکھ 58 ہزارسے زائد ہے، بروکلین میں اب تک 3 لاکھ 95 ہزار سے زائد شہری ووٹ کاسٹ کرچکے ہیں۔
نیو یارک میئر کیلئے مسلم امیدوارظہران ممدانی سمیت 3 امیدواروں میں کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے، ڈیموکریٹک امیدوار ظہران ممدانی کے ری پبلکن حریف کرٹس سلوا اور آزاد امیدوار اینڈریو کومو مدمقابل ہیں، ظہران ممدانی کو میئر کی دوڑ میں واضح برتری ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ظہران ممدانی جیتے تو نیویارک کے پہلے مسلمان اور غیر امریکی میئر بنیں گے۔
واضح رہے کہ میئر نیویارک کے انتخاب کیلئے پولنگ سٹیشنز پر ووٹرز کی بڑی تعداد میں آمد کا سلسلہ دن بھر جاری رہا، امیدوار میئر نیویارک ظہران ممدانی نے اپنا ووٹ کاسٹ کرتے ہوئے امریکی شہریوں سے اپیل کی تھی کہ نیویارک کے عوام میئر کے الیکشن میں ووٹ ضرور ڈالیں، ووٹ دینا ہر شہری کی ذمہ داری ہے۔
ادھر نیویارک میئر کے امیدوار اور ظہران ممدانی کے حریف اینڈریو کومو کا بھی اپنا ووٹ کاسٹ کرنے کے بعد کہنا تھا کہ نیویارک میئر کا الیکشن میری زندگی کا سب سے اہم انتخاب ہے، نیویارک کا مستقبل اس الیکشن سے وابستہ ہے، اینڈریو کومو نے سوشلسٹ نظریات کے بڑھتے اثرات پر اظہارِ تشویش بھی کیا تھا۔



