واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکی سپریم کورٹ کا کل کا فیصلہ ملک کیلئے زندگی اور موت کا معاملہ ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری بیان میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ سپریم کورٹ کیس میں کامیابی ملی تو ملک کو مالی تحفظ حاصل ہوگا، شکست کی صورت میں امریکہ دوسرے ممالک کے سامنے کمزور ہو جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ امریکی سٹاک مارکیٹ مسلسل نئی بلندیاں چھو رہی ہے، ہمارا ملک اب پہلے سے زیادہ مضبوط اور با عزت ہے، محصولات اور تجارتی معاہدے معاشی سلامتی کی بنیاد ہیں، سپریم کورٹ کا فیصلہ قومی سلامتی کیلئے فیصلہ کن ہوگا۔
امریکی صدر کا مزید کہنا تھا کہ مختلف ممالک برسوں سے امریکہ کا فائدہ اٹھا رہے ہیں، سپریم کورٹ کیس ملک کے مستقبل کیلئے نہایت اہم ہے، قوم کو اس مقدمے کی اہمیت کا ادراک ہونا چاہیے۔



