بھارتی لڑاکا طیارہ تیجس دبئی ایئر شو کے دوران کرتب دکھاتے گر کر تباہ، پائلٹ ہلاک

Published On 21 November,2025 03:44 pm

دبئی: (دنیا نیوز) بھارت کا لڑکا طیارہ تیجس دبئی ایئرشو کے دوران کرتب دکھاتے گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں پائلٹ بھی ہلاک ہو گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق تیجس طیارہ دبئی ایئرشو کے دوران صلاحیتوں کا حتمی مظاہرہ کرتے ہوئے کریش ہوا، ابتدائی رپورٹ کے مطابق لڑاکا طیارے میں تکنیکی خرابیاں تھیں۔

بتایا گیا ہے کہ تکنیکی خرابی کے باوجود بھارتی طیارہ ایئرشو میں اڑایا گیا، پائلٹ کی حالت کے متعلق متضاد اطلاعات سامنے آ رہی ہیں، دھماکے کے بعد طیارہ زمین سے ٹکرایا تھا، ریسکیو ٹیموں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔

بھارتی ایئر فورس اور دبئی حکام نے بھارتی لڑاکا طیارے کے پائلٹ "ونگ کمانڈر وکرم سنگھ" کی ہلاکت کی تصدیق کر دی ہے۔

بھارتی حکام نے حادثے کی تحقیقات کا اعلان کر دیا، کسی شہری جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

دوسری طرف دبئی ایئر شو میں بھارتی سٹال کے باہر ہنگامی سکیورٹی بڑھا دی گئی جبکہ مظاہرے کے دوران طیارہ کریش ہونے پر مظاہرہ دیکھنے کے لیے آئی شخصیات کو واپس نمائش ہال میں بھجوا دیا گیا۔

بھارتی دفاعی ماہرین نے کہا ہے کہ دبئی ایئر شو میں حادثہ بھارت کی دفاعی صنعت کے لیے بڑا دھچکا ثابت ہو گا۔

واضح رہے کہ چند روز پہلے دبئی ایئر شو کے دوران بھارتی جنگی طیارے کی ایک ویڈیو منظرِ عام پر آئی تھی، جس میں تیجس کے فیول ٹینک سے تیل رسنے کا عمل واضح طور پر دیکھا جا سکتا تھا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق تیجس جو بھارت میں مقامی طور پر تیار کردہ لڑاکا طیارہ ہے، گزشتہ دو سال کے اندر اندر اس نوعیت کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ مارچ 2024 میں بھی ایک تیجس طیارہ راجستھان کے شہر جیسلمیر میں پرواز کے دوران گر کر تباہ ہو گیا تھا، تیجس کی پہلی آزمائشی پرواز سال 2001 میں کی گئی تھی۔

یہ بھی قابلِ ذکر ہے کہ دبئی ایئر شو کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ کوئی طیارہ شو کے دوران حادثے کا شکار ہو کر تباہ ہوا ہو۔