ہانگ کانگ: (دنیا نیوز) ہانگ کانگ میں کثیرالمنزلہ رہائشی کمپلیکس میں ہولناک آتشزدگی کے نتیجے میں 128 افراد ہلاک ہوگئے جب کہ 76 افراد زخمی ہیں۔
برطانوی خبر رساں ادارے کی رپورٹ مطابق ہانگ کانگ کے فائر حکام نے بتایا کہ وہ جمعے تک تلاش اور ریسکیو کارروائیاں مکمل کرنے کی امید رکھتے ہیں، جب کہ شہر میں گزشتہ تقریباً 80 برسوں کی بدترین آگ نے ایک بڑے رہائشی کمپلیکس کو خاکستر کر دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق جمعے کی صبح بھی فائر فائٹرز سلگتے ہوئے کمپلیکس میں کام جاری رکھے ہوئے ہیں، ڈپٹی فائر سروسز ڈائریکٹر ڈیریک چان نے صحافیوں کو بتایا کہ ہم سات عمارتوں کے تمام یونٹس میں زبردستی داخل ہونے کی کوشش کریں گے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ کہیں مزید جانی نقصان تو نہیں ہوا۔
ہانک کانگ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ 7 بلاکس میں لگی آگ پر زیادہ تر قابوپالیا گیا ہے، کنسٹرکشن کمپنی کے 2 ڈائریکٹرز اور انجینئرنگ کنسلٹنٹ گرفتار کرلیے گئے ہیں۔
حکام نے تقریباً 700 افراد کو عارضی پناہ گاہوں میں منتقل کر دیا ہے جہاں انہیں ضروری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
آگ کا شکار ہونے والا یہ کمپلیکس 8 بلاکس پر مشتمل ہے، ہر بلاک 31 منزلہ ہے، مجموعی طور پر یہاں 2 ہزار کے قریب اپارٹمنٹس اور تقریباً 5 ہزار رہائشی موجود ہیں۔
فائر بریگیڈ کے مزید دستے موقع پر موجود ہیں اور حکام کا کہنا ہے کہ آگ کی شدت کم کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔ آگ لگنے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات بھی شروع کر دی گئی ہیں۔



