دمشق: (دنیا نیوز، ویب ڈیسک) شام کے تاریخی شہر تدمر (پالمیرا) کے نواح میں مشترکہ گشت کے دوران امریکی اور شامی افواج کو فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں دو امریکی فوجیوں سمیت تین امریکی شہری ہلاک ہو گئے۔
امریکی سینٹرل کمانڈ کے مطابق اس حملے میں ایک امریکی سویلین مترجم اور دو امریکی فوجی ہلاک ہوئے جبکہ تین امریکی فوجی زخمی بھی ہوئے۔
امریکی سینٹرل کمانڈ کا کہنا ہے کہ حملہ آور کا تعلق عالمی دہشت گرد تنظیم داعش سے تھا، جسے موقع پر ہی مار دیا گیا۔
اس سے قبل شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے ایک سکیورٹی ذرائع کے حوالے سے بتایا تھا کہ واقعے میں شامی سکیورٹی فورسز کے کم از کم دو اہلکار اور کم از کم چار امریکی فوجی زخمی ہوئے۔
شامی خبر رساں ایجنسی کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں حملہ آور ہلاک ہو گیا، تاہم اس کی شناخت یا حملے کی وجوہات کے بارے میں کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔
برطانیہ میں قائم مانیٹرنگ ادارے، سیریئن آبزرویٹری برائے انسانی حقوق، نے بھی شامی اور امریکی افواج پر اسی نوعیت کے ایک حملے کی تصدیق کی ہے۔



