سڈنی: (دنیا نیوز) آسٹریلیا کے شہر سڈنی کے ساحلی علاقے میں یہودیوں کے تہوار کی تقریب کے دوران فائرنگ کے واقعہ میں 10 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں، دو حملہ آور بھی مارے گئے ہیں۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق آسٹریلیا کے شہر سڈنی کے معروف سیاحتی مقام پر فائرنگ کے واقعہ میں 10 افراد ہلاک جبکہ متعدد افراد زخمی ہو گئے، مقامی پولیس کی جانب سے ہلاکتوں کی تاحال تصدیق نہیں کی گئی ہے۔
رائٹرز کے مطابق پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ساحلی علاقے پر فائرنگ کے نتیجے میں کئی افراد زخمی ہوئے ہیں، نیو ساؤتھ ویلز ایمبولینس سروس کے ترجمان نے بتایا کہ 13 زخمیوں کو مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔
آسٹریلوی وزیراعظم انتھونی البانیزے نے واقعہ کو انتہائی چونکا دینے والا اور تکلیف دہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہنگامی امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر موجود ہیں اور زخمیوں کی جان بچانے کے لیے بھرپور کوشش کر رہی ہیں۔
نیو ساؤتھ ویلز پولیس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا ہے کہ بونڈی بیچ سے دو افراد کو حواست میں لیا گیا ہے، پولیس نے شہریوں سے اپیل کی آپریشن تاحال جاری ہے اور وہ علاقے میں جانے سے گریز کریں۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں ساحل پر موجود لوگوں کو فائرنگ اور پولیس سائرن کی آوازوں کے دوران بھاگتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، ایک ویڈیو میں سیاہ شرٹ میں ملبوس مبینہ حملہ آور کو بندوق سے فائرنگ کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے، جسے سفید ٹی شرٹ پہنے ایک شخص نے قابو میں لے کر اسلحہ چھین لیا۔



