سال نو کا تحفہ، یو اے ای کے نجی شعبے کے ملازمین کی تنخواہوں میں بڑا اضافہ

Published On 31 December,2025 05:58 am

ابوظہبی: (ویب ڈیسک) متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے نئے سال کی خوشی میں نجی شعبے میں کام کرنے والے اماراتی شہریوں کیلئے تنخواہوں میں اضافے کا اعلان کر دیا۔

خبر ایجنسی کے مطابق متحدہ عرب امارات کی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ نجی شعبے میں کام کرنے والے اماراتی شہریوں کی کم از کم تنخواہ یکم جنوری 2026ء سے 6 ہزار درہم ہوگی، اماراتی وزارت انسانی وسائل نے بتایا کہ یہ نئے قوانین ورک پرمٹ کے اجرا، تجدید اور ترمیم کے تمام عمل پر لاگو ہوں گے۔

وزارت کی جانب سے کہا گیا کہ تنخواہوں میں اضافے کے حوالے سے آجر کو سمارٹ ایپلیکیشن اور دیگر سروس چینلز کے ذریعے خودکار پیغامات بھیجے جائیں گے، اگر تنخواہ میں اضافہ نہ کیا گیا تو یکم جنوری 2026ء سے 6 ہزار درہم سے کم تنخواہ والے اماراتی ملازمین کے ورک پرمٹ نئے، تجدید یا ترمیم شدہ کیلئے کوئی درخواست جاری یا پروسیس نہیں کی جائے گی۔

وزارت نے مزید بتایا کہ اور اگر تنخواہیں 30 جون 2026ء تک نہ بڑھائی گئیں تو یکم جولائی سے تادیبی کارروائی کی جائے گی، اس سے قبل اماراتی شہریوں کیلئے نجی شعبے میں کم از کم تنخواہ کا قانونی معیار 5 ہزار درہم تھا۔