یوکرینی ڈرونز کا ہدف پیوٹن تھا، شواہد امریکا کیساتھ شیئر کیے جائیں گے: روسی حکام

Published On 02 January,2026 05:19 am

ماسکو: (دنیا نیوز) روسی حکام نے کہا ہے کہ یوکرینی ڈرونز کا ہدف صدر ولادیمیر پیوٹن کی صدارتی رہائش گاہ تھا۔

خبر ایجنسی کے مطابق روسی حکام کا کہنا ہے کہ یوکرینی ڈرونز سے حاصل ہونے والا ڈیٹا ڈی کوڈ کر لیا گیا ہے، یہ حملہ شمالی نووگوروڈ ریجن میں واقع صدارتی رہائش گاہ پر کیا جانا تھا، حملے کے شواہد امریکا کے ساتھ بھی شیئر کیے جائیں گے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف بھی یہ کہہ چکے ہیں یوکرین نے نووگوروڈ کے علاقے میں پیوٹن کی رہائش گاہ پر حملہ کرنے کی کوشش کی جس سے ماسکو کی مذاکراتی پوزیشن تبدیل ہو جائے گی۔

لاوروف کا کہنا تھا کہ یوکرین نے نووگوروڈ میں روسی صدر کی سرکاری رہائش گاہ پر 91 طویل فاصلے تک مار کرنے والے ڈرونز سے حملہ کیا، اس طرح کی لاپرواہی کی کارروائیاں بغیر جواب کے نہیں رہیں گی۔

دوسری جانب یوکرینی صدر زیلنسکی نے ان الزامات کو روس کی جانب سے گھڑا گیا پروپیگنڈا قرار دیا اور کہا کہ روس ان الزامات کے ذریعے کیف پر حملوں کیلئے جواز پیدا کرنا چاہتا ہے اور امریکا کے ساتھ جاری امن مذاکرات کو سبوتاژ کرنا چاہتا ہے۔