پیرس: اسرائیل، شام کا امریکی ثالثی میں رابطوں کیلئے مشترکہ میکنزم قائم کرنے پر اتفاق

Published On 07 January,2026 03:30 am

پریس: (دنیا نیوز) پیرس میں امریکا کی سربراہی ہونے والے مذاکرات میں استحکام پر اتفاق کرتے ہوئے اسرائیل اور شام نے انٹیلی جنس اور سفارتی رابطوں کیلئے مشترکہ میکنزم قائم کرنے پر اتفاق کر لیا۔

فریقین کے درمیان مشترکہ میکنزم قائم کرنے کا مقصد انٹیلی جنس اور سفارتی رابطوں کے ساتھ ساتھ کشیدگی میں کمی اور ممکنہ سکیورٹی معاہدے کی راہ ہموار کرنا ہے، اس حوالے سے امریکا، اسرائیل اور شام کی جانب سے مشترکہ بیان جاری کیا گیا جس میں کہا گیا کہ یہ رابطہ فوجی کشیدگی میں کمی، سفارتی روابط اور تجارتی مواقع کے فروغ میں مدد فراہم کرے گا۔

بیان میں کہا گیا کہ اسرائیل اور شام کے درمیان گزشتہ ایک سال سے وقفے وقفے سے مذاکرات کا سلسلہ جاری تھا جس کا مقصد ایسا سکیورٹی فریم ورک تیار کرنا تھا جو اسرائیل کے شام پر مسلسل حملوں کا خاتمہ کر سکے، یہ نیا میکنزم کسی بھی تنازعے کو فوری طور پر حل کرنے اور غلط فہمیوں سے بچنے کیلئے ایک پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گا۔

یہ پیشرفت پیرس میں اسرائیلی اور شامی حکام کے درمیان ہونے والے حالیہ اجلاسوں کے بعد سامنے آئی ہے جن میں شامی وزیر خارجہ بھی شریک تھے، امریکا نے اسرائیل شام پیش رفت کو مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن کی جانب اہم قدم قرار دیا۔