خلاصہ
- تہران: (دنیا نیوز) سابق ایرانی نائب وزیر خارجہ نے امریکی ادارے کی رپورٹ کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کیخلاف امریکی جنگ کے اخراجات 5 ارب ڈالر روزانہ تک پہنچ چکے ہیں۔
ایرانی میڈیا کے مطابق ایران کے سابق نائب وزیر خارجہ نے ہارورڈ کینیڈی سکول کی رپورٹ کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے خلاف امریکی جنگ کے براہ راست اور بالواسطہ اخراجات تقریباً 5 ارب ڈالر روزانہ ہیں۔
سابق ایرانی نائب وزیر خارجہ کے مطابق رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ امریکا کی جانب سے ہر روز کی جانے والی براہ راست فوجی کارروائی پر 2 ارب ڈالر خرچ ہوتے ہیں، جبکہ بالواسطہ اخراجات مزید 3 ارب ڈالر روزانہ بنتے ہیں۔
رپورٹ میں یہ بھی اندازہ لگایا گیا تھا کہ امریکا کو ہر روز 8 ارب ڈالر کے معاشی فوائد سے محرومی کا سامنا کرنا پڑتا ہے، اس کا اثر عام امریکی شہریوں اور ان دیگر لوگوں پر بھی پڑتا ہے جن کا اس تنازع سے کوئی تعلق نہیں۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ امریکا کو ایران کی تیل کی تجارت میں مداخلت کا کوئی حق نہیں، بہت سے ممالک عملی طور پر ایران کے ساتھ اپنے تعلقات اور لین دین جاری رکھے ہوئے ہیں، اگرچہ وہ باضابطہ طور پر اس کا اعلان نہیں کرتے، اس جنگ نے صرف امریکی عوام اور مغربی ممالک پر اضافی معاشی بوجھ ڈالا ہے۔