خلاصہ
- واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی نشریاتی ادارے سی بی ایس نیوز نے انکشاف کیا ہے کہ ایران کے حملوں کے بعد امریکی فوج نے کویت کا اہم اڈہ خالی کر دیا ہے۔
امریکی نشریاتی ادارے سی بی ایس نیوز کی رپورٹ کے مطابق کویت میں امریکا کے فوجی اڈے کیمپ بیورنگ کو ایرانی میزائل،ڈرون حملوں کے بعد خالی کیا گیا۔
سی بی ایس نیوز کی جانب سے بتایا گیا کہ جنگ کے ابتدائی دنوں میں امریکی فوجیوں کو بیس پر شدید ایرانی حملوں کا سامنا کرنا پڑا، ایرانی حملوں کے نتیجے میں فوجی اڈے کو نقصان پہنچنے کی ویڈیوز بھی سامنے آئیں۔
رپورٹ کے مطابق اڈے پر ایف فائیو جنگی طیاروں سے بھی حملے کیے گئے، حملے شدید تھے اور فوجیوں کے پاس اڈہ چھوڑنے کے علاوہ کوئی آپشن نہیں تھا، دفاع کے لیے امریکی فوجیوں کے پاس گولہ بارود بھی انتہائی کم رہ گیا تھا۔
سی بی ایس نیوز کے مطابق امریکی فوجیوں کو پیٹریاٹ میزائلوں سمیت دیگر جنگی سامان کی قلت کا بھی سامنا رہا، اڈے پر موجود 100 سے زائد امریکی فوجیوں نے کویتی صحرا میں عارضی فوجی اڈے قائم کیے۔
خیال رہے کہ کیمپ بیورنگ یا صحرائی ٹھکانوں پر ایرانی حملوں میں کوئی امریکی فوجی ہلاک نہیں ہوا تھا۔