خلاصہ
- ابوظہبی: (سید مدثر خوشنود) متحدہ عرب امارات کے وزیر برائے رواداری و بقائے باہمی شیخ نہیان بن مبارک النہیان نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات امن، انسانی بھائی چارے، ترقی اور خوشحالی کی اقدار کو فروغ دینے کیلئے پرعزم ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ابوظہبی کے جزیرہ سعدیات میں زاید نیشنل میوزیم میں ابوظہبی فورم برائے امن کے زیر اہتمام 55ویں عید الاتحاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
شیخ نہیان بن مبارک النہیان نے صدر امارات شیخ محمد بن زاید النہیان کی قیادت اور بانی متحدہ عرب امارات شیخ زاید بن سلطان النہیان کی خدمات کو سراہا۔
ان کا کہنا تھا کہ انسانی ترقی، تعلیم، صحت، ماحولیاتی تحفظ اور جدید بنیادی ڈھانچے کے شعبوں میں متحدہ عرب امارات کی کامیابیاں ملک کی دیرینہ ترقیاتی سوچ اور وژن کی عکاسی کرتی ہیں۔
المدثر نیوز ایجنسی کے مطابق تقریب کے دوران شیخ نہیان بن مبارک النہیان نے مستقبل کے حوالے سے خصوصی نمائش ’’مرر آف ٹائم 2071‘‘ کا افتتاح بھی کیا۔
نمائش میں ابوظہبی فورم برائے امن کے قیام سے اب تک کی سرگرمیوں، بین الاقوامی شراکت داریوں اور مستقبل کے اہداف کو اجاگر کیا گیا۔
متحدہ عرب امارات کی فتویٰ کونسل کے چیئرمین اور ابوظہبی فورم برائے امن کے صدر شیخ عبداللہ بن بیہ نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔
انہوں نے 2027ء میں ابوظہبی میں منعقد ہونے والی ریلیجنز فار پیس کی گیارہویں عالمی اسمبلی کو بین المذاہب تعاون اور عالمی سطح پر انسانی وقار کے تحفظ کیلئے اہم موقع قرار دیا، تقریب میں مذہبی رہنماؤں، ممتاز شخصیات اور نوجوانوں نے شرکت کی۔