آئندہ بجٹ میں ترقیاتی کاموں کے لیے 800 ارب روپے مختص کرنے کی سفارش

Last Updated On 03 April,2018 04:37 pm

کراچی: (دنیا نیوز) آئندہ بجٹ میں پاور ڈویژن کے لیے 100 ارب روپے اور ترقیاتی بجٹ کے لیے 800 ارب روپے مختص کرنے کی سفارش پیش، حتمی فیصلہ وزیر اعظم قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس میں کریں گے۔

آئندہ مالی سال کے بجٹ سازی کا حتمی مرحلہ شروع ہو گیا، ترقیاتی بجٹ کا ابتدائی خدوخال تیار کرنے کیلیے ترجیحی کمیٹی کے اجلاس کے پہلے روز پانچ وزارتوں نے ترقیاتی بجٹ کی تجاویز کمیٹی کو پیش کیں۔

ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق پاور ڈویژن نے بجلی کے منصوبوں کیلیے 100 ارب روپے کا بجٹ مانگ لیا ہے، جبکہ مالی سال 18-2017 میں پاور سیکٹر کیلیے 59 ارب روپے مختص کیے گئے تھے۔ دوسری جانب وزارت پٹرولیم، وزارت تجارت، وزارت ٹیکسٹائل نے بھی بجٹ تجاویز پیش کر دیں ہیں۔

ذرائع کے مطابق وزارت خزانہ نے آئندہ مالی سال میں ترقیاتی کاموں کیلیے قومی خزانے سے 800 ارب روپے مختص کرنے کا عندیہ دیا ہے۔ ترقیاتی بجٹ کا حجم کتنا ہو گا؟ حتمی فیصلہ وزیراعظم قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس میں کریں گے جبکہ ترجیحی کمیٹی کا اجلاس 6 اپریل تک جاری رہے گا۔
 

Advertisement