لاہور( روزنامہ دنیا )اکانومی واچ کے صدر ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے کہا ہے کہ ہر سال کی طرح امسال بھی رمضان المبارک کے آتے ہی مختلف اشیا کی قیمتوں میں شدیداضافہ ہو گیا ہے جو حکومت کی نا اہلی اور ملی بھگت کا ثبوت ہے ۔
متعدد پھلوں سبزیوں اور دیگر اشیا کی قیمتوں میں 120 فیصد تک اضافہ ملک میں قیمتوں کے کنٹرول کے نظام کی کمزوری کا ثبوت ہے جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے تاجروں نے عوام کی استحصال کی تمام حدیں پھلانگ لی ہیں مگر انکے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جا رہی،ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے ایک بیان میں کہا کہ تاجروں کی بھاری اکثریت جائز منافع کمانے کے بجائے عوام کو لوٹنے کو ترجیح دیتی ہے جبکہ انہیں روکنے والا کوئی نہیں۔
مرکزی اور صوبائی حکومتیں کاروباری برادری کو لگام ٖڈال کر عوام کو مناسب نرخ پر اشیائے خور و نوش فراہم کرنے کے بجائے رمضان پیکیج اور سستے بازاروں پر انحصار کرتی ہیں جس سے گرانفروشی کا مسئلہ حل نہیں ہوتا بلکہ غیر معیاری اشیا کی فروخت سے کرپشن کے مزید دروازے کھل جاتے ہیں۔