اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کا 100 دن کے ایجنڈے پر پاکستان مسلم لیگ ن آج ردعمل دے گی، احسن اقبال، اویس لغاری، ہارون اختر اور ملک احمد خان آج 3 بجے پریس کانفرنس کریں گے، مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کی پریس کانفرنس 3 بجے پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں ہوگی۔
یاد رہے گزشتہ روز پاکستان تحریکِ اںصاف نے اقتدار ملنے پر پہلے 100 دن کا پلان دیا تھا جس میں نظامِ تعلیم میں بہتری، طبی سہولیات، زراعت کے شعبے کی بہتری کیلئے انقلابی اقدامات، ٹیکس اصلاحات، جوڈیشل ریفارمز، لوٹی ہوئی دولت کی واپسی، غیر سیاسی پولیس اور ملکی سلامتی سمیت دیگر مسائل شامل تھے۔
اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب میں پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے سربراہ عمران خان کا کہنا تھا کہ منشور کچھ نہیں ہوتا، پیچھے سیاسی ول ہوتی ہے۔ میری حکومت بھی چلی جائے لیکن 100 دن کے پلان پر عملدرآمد کروں گا۔ انسانی معاشرے میں انصاف ہوتا ہے، قانون سب کیلئے برابر اور رحم ہوتا ہے۔ اقتدار کے ابتدائی 100 روز ہماری پارٹی کے نظریات کی عکاسی کریں گے۔ پارٹی کا نظریہ وہی ہے جو پاکستان بنانے والوں کا نظریہ تھا۔