اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن 2018 کس روز ہوگا۔ الیکشن کمیشن نے تاریخ طے کرنے کیلئے صدرمملکت کو خط لکھ دیا۔ کمیشن نے 24 سے 27 جولائی کی تاریخیں تجویز کی ہیں۔
الیکشن کمیشن نے سمری میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ آئندہ عام انتخابات کا شیڈول یکم جون کو جاری کرنا ہے، اس پر عملدرآمد کیلئے 54 روز درکار ہوں گے، اس لئے جنرل الیکشن 24 جولائی سے پہلے نہیں ہوسکتے، دو اسمبلیاں 28 مئی کو اپنی مدت پوری کر رہی ہیں، انتخابات 27 جولائی سےآگے نہیں جاسکتے۔ صدرمملکت انتخابات کیلئے 24 سے 27 جولائی کے درمیان ایک تاریخ مقرر کر دیں۔
یاد رہے الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 2018 کے عام انتخابات بھی ماتحت عدلیہ کی زیر نگرانی کرانے کا فیصلہ کیا۔ الیکشن کمیشن کے اعلامیے میں کہا گیا 2018 کے عام انتخابات میں ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کی تعیناتی ماتحت عدلیہ کے جوڈیشل افسران سے کی جائے گی۔ الیکشن ایکٹ 2017 کی شق 50 اور 51 کے تحت کمیشن نے رجسٹرار ہائی کورٹس سے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اور سول ججز کی فہرستیں بھی مانگی گئی تھیں۔
ہائیکورٹس کی طرف سے فراہم کی گئی فہرستوں کے مطابق جوڈیشل افسران کو عام انتخابات 2018 میں ڈسٹرکٹ ریٹرنگ افسر، ریٹرنگ اور اسسٹنٹ ریٹرنگ افسر تعینات کیا جائے گا۔ فہرستوں کی بروقت فراہمی پر الیکشن کمیشن نے چیف جسٹس پاکستان اور چیف جسٹس ہائیکورٹس کا شکریہ بھی ادا کیا ہے۔