لندن: (روزنامہ دنیا) قومی کرکٹ کوچ اظہر محمود کا کہنا ہے کہ بائیں ہاتھ کے فاسٹ باؤلر کو گیند بازی کے دوران ٹیکنیکل ایشوز کا سامنا ہے جن کو دور کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
قومی کرکٹ ٹیم کے باؤلنگ کوچ اظہرمحمود نے فاسٹ باؤلر محمد عامر کی سوئنگ بحال کرانے پر نگاہیں مرکوز کردی ہیں، اظہر محمود کا کہنا ہے کہ بائیں ہاتھ کے فاسٹ باؤلر کو باؤلنگ کے دوران کئی طرح کے ٹیکنیکل ایشوز کا سامنا ہے، جن کو دور کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
یاد رہے کہ محمد عامر خود بھی اس بات کا اعتراف کرچکے ہیں کہ پانچ سالہ پابندی کے دوران انہیں کسی بھی قسم کی کرکٹ کھیلنے کا موقع نہیں مل سکا اور اس عرصے میں کرکٹ کا کھیل کافی تبدیل ہو گیا۔ اظہر محمود کا کہنا ہے کہ محمد عامر کو حریف بیٹسمینوں کے آگے باؤلنگ کرنا چاہئے، جیسے کہ انہوں نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں کی تھی لیکن ان کی گیندیں کافی پیچھے گر رہی ہیں جس کی وجہ سے ان کی بال کو سوئنگ کرنے کی صلاحیت بھی متاثر ہوئی ہے۔
قومی باؤلنگ کوچ کا کہنا تھا کہ اگر محمد عامر کی گیند بازی کا چارٹ دیکھا جائے تو ان کی گیندیں کافی پیچھے گر رہی ہیں حالانکہ ہونا یہ چاہیے کہ انگلش بیٹسمین ان کی سامنے گرنے والی گیندوں پر ڈرائیو کھیلنے کی کوشش کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ محمد عامر تھکاوٹ کا شکار ہیں اور پانچ سال کے طویل عرصے کے بعد ان کی کھیل میں واپسی اس طرح ہوئی کہ انہیں درمیان میں ٹریننگ کا کوئی موقع بھی نہیں مل سکا۔ اظہرمحمود کا کہنا تھا کہ جب بائیں ہاتھ کے پیسر چیمپئنز ٹرافی میں بھارت کیخلاف فائنل جیسی باؤلنگ کرتے ہیں تو زیادہ خطرناک محسوس ہوتے ہیں۔ لہٰذا ان پر بوجھ کم کر کے انہیں بہتر بنایا جا رہا ہے۔