لاہور: (ویب ڈیسک) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ورلڈ کپ 2019 کے حتمی شیڈول کا اعلان کردیا، ایونٹ کا افتتاحی میچ 30 مئی کو جبکہ فائنل 14 جولائی کو ہوگا۔ پاکستان اور بھارت 16جون کو مدمقابل ہوں گے۔
آئی سی سی نے ورلڈ کپ 2019 کے شیڈول کا اعلان کردیا، 2019 میں کرکٹ کا عالمی معرکہ انگلینڈ کے معروف گراؤنڈ لارڈز سمیت 11 مقامات پر 30 مئی سے 14 جولائی تک کھیلا جائے گا۔یہ ورلڈ کپ 1992 کے ورلڈ کپ کی طرح راؤنڈ روبن کی طرز پر کھیلا جائے گا جس میں ہر ٹیم ایونٹ میں موجود تمام ٹیموں سے میچز کھیلے گی اور ایونٹ کی 4 بہترین ٹیمیں سیمی فائنل میں مدمقابل ہوں گی۔
انگلینڈ کے جو 11 مقامات ان میچز کی میزبانی کریں گے ان میں ٹرینٹ برج، اوول، ایجبسٹن، ہیڈنگلے، اولڈ ٹریفورڈ، ٹانٹن، برسٹل، چیسٹر لی اسٹریٹ، ساؤتھ ہیمپٹن، کارڈف اور لارڈز شامل ہیں۔ جہاں 46 دن میں کل 48 میچز کھیلے جائیں گے۔
ورلڈ کپ کا افتتاحی میچ میزبان انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلا جائے گا جبکہ پاکستانی ٹیم اپنا پہلا میچ 31 مئی کو ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے گی۔ ایونٹ میں پاکستان اور بھارت کا میچ 16جون کو کھیلا جائے گا۔