لاہور: (دنیا نیوز) فخرزمان، امام الحق، فہیم اشرف اور سعدعلی پہلی بار ٹیسٹ سکواڈ کا حصہ بن گئے۔ دورہ انگلینڈ کیلئے منتخب 16کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ 18 اپریل کو لاہور میں طلب کر لیا گیا۔
دورہ برطانیہ کیلئے ٹیسٹ سکواڈ کا اعلان، وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد کپتان برقرار، دیگر کھلاڑیوں میں اظہرعلی، فخرزمان، امام الحق، سمیع اسلم، اسد شفیق، بابراعظم، حارث سہیل، فہیم اشرف، شاداب خان، حسن علی، محمدعامر، راحت علی، محمدعباس، سعد علی اور عثمان صلاح الدین شامل ہیں۔
چیف سلیکٹر انضمام الحق کہتے ہیں کہ ٹیسٹ سکواڈ میں نوجوانوں کو ترجیح دی گئی ہے۔ منتخب کھلاڑیوں کو پانچ روزہ تربیتی کیمپ کے لیے 18اپریل کو لاہور طلب کیا گیا ہے۔
شاہینوں کا آئرش ٹیم سے واحد ٹیسٹ 11مئی سے ڈبلن میں شیڈول ہے۔ انگلینڈ کے خلاف دو ٹیسٹ میچز کی سیریز 24 مئی سے شروع ہوگی۔ شاہین تین ٹیسٹ میچز کھیلنے کے لیے 23 اپریل کو لاہور سے براستہ دبئی انگلینڈ روانہ ہوں گے۔