کراچی: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے کالا باغ ڈیم کے معاملے پر پانی کے ماہرین سے رائے طلب کرلی، معاملے پر سپریم کورٹ کو سندھ سے ابرار قاضی، خالد میمن جبکہ خیبر پختونخوا سے شمس الملک رائے دیں گے۔
سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں ڈیمز کی تعمیر سے متعلق کیس کی سماعت، چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے ریماکس دیے کہ ہم کالا باغ ڈیم پر بات نہیں کر رہے بلکہ یہ دیکھ رہے ہیں کہ پانی کی قلت کیسے ختم کی جائے۔ انہوں نے کہا چار بھائی اگر کسی چیز پر متفق نہ ہوں تو اس کا متبادل بھی ہونا چاہیے اور ہم اسی متبادل کو تلاش کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔
دوران سماعت عدالت میں سابق چیئرمین واپڈا ظفر محمود بھی پیش ہوئے، چیف جسٹس کے استفسار پر انہوں نے کہا کہ کالا باغ ڈیم سے متعلق لوگوں میں مکمل آگاہی نہیں ہے۔ اسی تنازعے کے باعث انہوں نے واپڈا کی چیئرمین شپ چھوڑ دی تھی۔ انہوں نے دوران سماعت عدالت کو پاکستان میں پانی کی کمی اور اس کے حل کیلئے پراجیکٹر پر بریفنگ بھی دی۔
عدالت نے کالا باغ ڈیم کے معاملے پر پانی کے ماہرین سے رائے طلب کرتے ہوئے سندھ سے ابرار قاضی، خالد میمن سمیت دیگر جبکہ خیبر پختونخوا سے شمس الملک کو ہدایت کی کہ وہ آئندہ سماعت پر اپنی رائے سے عدالت کو آگاہ کریں۔