برف پگھلنے سے دریائوں میں پانی کی سطح بلند

Last Updated On 12 June,2018 12:51 pm

لاہور (دنیا نیوز )شمالی علاقہ جات میں برف پگھلنے سے دریائوں میں پانی کی سطح اونچی ہونے لگی، ارسا کے مطابق یکم جون سے مختلف ڈیموں میں پانی کی سطح 56 فٹ تک اوپر آگئی۔

شمالی علاقہ جات میں گرمی بڑھنے سے پہاڑوں پر جمع برف پگھلنے لگی اور پانی کا ذخیرہ 17 لاکھ 83 ایکڑ فٹ تک پہنچ گیا جس سے مختلف ڈیموں میں پانی کا لیول بڑھنا شروع ہوگیا۔

ارسا کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق یکم جون سے اب تک تربیلا میں پانی کی سطح 56 فٹ اضافے سے 1445 فٹ ہوگئی جبکہ منگلا میں پانی کا لیول 24 فٹ اضافے سسے 1109 فٹ اور چشمہ میں پانی کی سطح 6 فٹ اضافے سے 645 فٹ ہوگئی۔

زرعی ماہرین کے مطابق دریائوں میں پانی کا لیول بڑھ جانے سے فصلوں کو پانی کی فراہمی میں آسانی ہوگی اور اچھی فصل پیدا ہونے کی توقع ہے۔