پٹرولیم مصنوعات ایک سال میں 40 روپے فی لٹر تک مہنگی

Last Updated On 26 June,2018 04:44 pm

اسلام آباد: ( روزنامہ دنیا) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں پچھلے ایک سال کے دوران 40 روپے 34 پیسے فی لٹر تک اضافہ کیا گیا ہے ۔پٹرولیم ڈویژن کے ذرائع کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں 4 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں، پٹرول 19 روپے 16 پیسے ،ہائی سپیڈ ڈیزل 23 روپے 91 پیسے، مٹی کا تیل 40 روپے 34 پیسے اور لائٹ ڈیزل 30 روپے 99 پیسے فی لٹر مہنگا ہوا۔

دستاویز کے مطابق پٹرول کی قیمت 72 روپے 80 پیسے سے بڑھا کر 91 روپے 96 پیسے، ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت 81 روپے 40 پیسے سے بڑھا کر 105 روپے 31 پیسے، مٹی کے تیل کی قیمت 44 روپے سے بڑھا کر 84 روپے 34 پیسے اور لائٹ ڈیزل کی قیمت 44 روپے سے بڑھا کر 74 روپے 99 پیسے فی لٹر کر دی گئی۔

پٹرول پر اس وقت 12 فیصد، ہائی سپیڈ ڈیزل 24 فیصد، لائٹ ڈیزل 9اور مٹی کے تیل پر 12فیصد سیلز ٹیکس عائد ہے ،عوام سے پٹرولیم مصنوعات پر پٹرولیم لیوی، او ایم سی مارجن، ڈیلرز مارجن، ایکسائز ڈیوٹی اور ان لینڈ فریٹ الگ سے وصول کیا جاتا ہے۔ گز شتہ ایک سال میں عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں 29 ڈالر فی بیرل کا اضافہ ہوا۔