نواز شریف اور مریم نواز کو 3 روز کیلئے حاضری سے استثنیٰ مل گیا

Last Updated On 25 June,2018 03:07 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) بیگم کلثوم کی بیماری کے باعث میاں نوازشریف اور ان کی صاحبزادی کو احتساب عدالت نے تین روز کیلئے پیشی سے چھٹی دیدی۔

 سابق وزیراعظم کے وکیل خواجہ حارث نے بیگم کلثوم کی میڈیکل رپورٹ عدالت میں پیش کرتے ہوئے نواز شریف اور مریم نواز کو 7 دن کا استثنیٰ دینے کی درخواست کی۔ نیب پراسیکیوٹر نے رپورٹ پر اعتراض کیا تو وکیل صفائی نے بتایا بیگم کلثوم وینٹی لیٹر پر ہیں۔ عدالت نے نواز شریف اور مریم نواز کو حاضری سے 3 روز کا استثنیٰ دیدیا۔

عدالت میں پیش کردہ میڈیکل رپورٹ کےمطابق بیگم کلثوم کے گردے کام نہیں کر رہے، 13 جون کو قے آنے پر انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا، 14 جون کو ہارٹ اٹیک ہوگیا، کلثوم نواز کی صحت میں تین دن پہلے بہتری آئی، گردوں کی تھراپی ہو رہی ہے، اینٹی بائیوٹک ہٹا دی گئی، خوراک دی جا رہی ہے۔

دوسری جانب لندن کے ہارلے سٹریٹ کلینک میں زیرِ علاج سابق وزیرِاعظم میاں محمد نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کی صحت میں بہتری کے آثار پیدا ہو گئے ہیں۔ ان کی صاحبزادی مریم نواز کا ہسپتال آمد پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا طبعیت میں کچھ بہتری کی امید پیدا ہو رہی ہے، انہوں نے والدہ کو آواز دی تو ان کو میری موجودگی کا احساس ہوا۔

یاد رہے کہ بیگم کلثوم نواز کو چند ماہ قبل کینسر کی تشخیص ہوئی تھی اور وہ اس وقت برطانیہ میں زیرِ علاج ہیں۔ مریم نواز نے 21 مارچ کو ٹویٹر پر اطلاع دی تھی کہ ان کی والدہ کلثوم نواز کو دل کا دورہ پڑا ہے اور وہ انتہائی نگہداشت میں ہیں جہاں انھیں مصنوعی طریقے سے سانس دیا جا رہا ہے۔